پاکستان کے نامور ٹی وی میزبان، رکن قومی اسمبلی، اسکالر عامر لیاقت حسین کو دنیا گزرے ایک برس بیت گیا۔ عامرلیاقت حسین کی برسی پر شوبزشخصیات اور انکے چاہنے والوں کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔
عامرلیاقت حسین کے مداحوں، انکے ساتھی فنکاروں اور دیگر شوبز شخصیات کی جانب سے عامر لیاقت حسین کی برسی کے موقع پر سوشل میڈیا پر خصوصی پیغامات دئے اور مرحوم کے درجات بلند کرنے اور ان کے لواحقین کے لیے صبر کی دعائیں کیں۔
عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے چند فنکاروں کے خیالات کو ریکارڈ کرکے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر ویڈیو شئیر کی۔ اداکارہ یمنیٰ زیدی، اداکار ساجد حسن اور اداکارہ بشریٰ انصاری سمیت بہت سی شخصیات نے عامر لیاقت کی پہلی برسی کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
Yaadein | Aamir Liaquat Hussain | 1st Death Anniversary | Memories of Fr… https://t.co/KEDah49WTL via @YouTube
— Dr Bushra Iqbal🇵🇰 (@DrBushraIqbal) June 8, 2023
اداکار ساجد حسن نے کہا کہ عامر لیاقت انتہائی نفیس شخص تھے، وہ بہت جلدی ہمیں چھوڑ کر چلےگئے۔ اداکارہ یمنیٰ زیدی نے کہا کہ میرے کرئیر کے ابتدائی دنوں میں عامر لیاقت نے میرا انٹرویو کیا جہاں میں نے انہیں عامر لیاقت کو انتہائی ذہین، حاضر جواب اور بہترین میزبان پایا، اللہ ان کے درجات بلند فرمائے، وہ ہمیشہ ایک بیترین میزبان کے طور پر ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔
سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا کہ افسوس ہے کہ لوگ عامر لیاقت کو یاد کرتے ہوئے ان کی وہ تمام خصوصیات بھول جاتے ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے کافی شہرت پائی۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم کسی کو یاد کرتے ہیں تو ہمیں چاہیے کہ ان کی اچھی باتوں کو یاد رکھیں،ان کا زبان پر عبور، وسیع علم تھا۔
Yaadein | Part 2 | #AamirLiaquat | #ALH1stDeathAnniversary | The Pioneer o… https://t.co/T5nznqyWcA via @YouTube
— Dr Bushra Iqbal🇵🇰 (@DrBushraIqbal) June 8, 2023
کرن ناز، وسیم بادامی، ساحر لودھی، ندا یاسر سمیت دیگر کئی نامور میزبانوں نے بھی عامرلیاقت حسین کی برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
عامرلیاقت حسین کے مداح سوشل میڈیا پر انکے پرانے ویڈیو کلپس بھی شیئر کرکے انہیں یاد کررہے ہیں اور عامر لیاقت حسین کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔
ڈاکٹر عامر لیاقت حسین 9 جون 2022 کی دوپہر کو کراچی کی ایک نجی اسپتال میں انتقال کر گئے تھے، انہیں انتہائی تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کی تھی۔ عامر لیاقت اپنی موت سے قبل کچھ عرصے سے نجی زندگی میں شدید مسائل سے دوچار تھے۔
عامر لیاقت اب کئی برسوں سے میڈیا انڈسٹری میں کام کر رہے تھے۔ 2001 میں انہوں نے جیو ٹی وی میں شمولیت اختیار کی تھی جہاں انہوں نے ایک مذہبی پروگرام عالم آن لائن کی میزبانی کی تھی جس نے انہیں بڑی پیمانے پر مقبولیت بخشی تھی۔
عامر لیاقت نے 2002 میں ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کی نشست پر کامیابی حاصل کی تھی اور وزیر مملکت برائے مذہبی امور کا منصب بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔