معروف اینکرپرسن اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم سے متعلق پولیس افسران اور ورثاء کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ عامرلیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم نہیں کروایا جائے گا۔
گزشتہ روز انتقال کرجانے والے عامر لیاقت حسین کی تدفین آج عبداللہ شاہ غازی کے مزار سے ملحقہ قبرستان میں کی جانی ہے لیکن آج صبح پولیس نے پوسٹ مارٹم نہ ہونے تک تدفین نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
جس پر عامرلیاقت حسین کے ورثاء نے ایک بار پھر ردعمل دیتے ہوئے پوسٹ مارٹم کرنے سے انکار کردیا۔ بیرون ملک سے آنے والے عامرلیاقت حسین کے بیٹے احمد اور بیٹی دعا کا حلف نامہ بھی پیش کیا گیا۔
جسکے بعد پولیس افسران اور ورثاء کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ پولیس اور فریقین کے درمیان معاہدے کی انڈر ٹیکنگ بھی کرلی گئی ہے۔
عامرلیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم نہیں کیا جائے گا اور انہیں آج ہی عبداللہ شاہ غازی مزار سے ملحقہ قبرستان میں تیار کی گئی قبر میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
واضح رہے گزشتہ روز ہی عامرلیاقت حسین کے اہلخانہ نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کردیا تھا۔ ممتاز ٹی وی اینکر، مقرر اور ایم این اے عامر لیاقت گزشتہ روز اپنے کمرے میں بے ہوش پائے گئے، ملازمین کی اطلاع پر عامر لیاقت کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔