عالمی منڈی میں تیل سستا، وزیراعظم جلد قوم کو خوشخبری دیں گے، حمزہ شہباز

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل سستا ہوا ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام پر بھی پڑیں گے اب وزیر اعظم شہباز شریف بھی جلد عوام کو خوشخبری دیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم غریب عوام کی فلاح کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں، بجلی کے بلوں پر سبسڈی سے ساڑھے 5 کروڑ افراد کا فائدہ ہوگا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں اداروں اور معیشت کی تباہی عوام کے سامنے ہے، چار سالوں میں نواز شریف اور شہباز شریف کی محنت پر پانی پھیر دیا گیا، عمران خان نے حکومت سے جاتے جاتے عوام کے ساتھ دھوکا کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ پنجاب میں پچھلے 3 ماہ کے دوران جتنے آئینی بحران آئے،  دنیا میں کہیں نہیں آئے، عمران خان نے اس سارے عرصے میں تماشا لگائے رکھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 17 جولائی کا الیکشن جیتنے کے بعد سال ڈیڑھ سال محنت کرتے رہیں گے، پنجاب کی کابینہ بھی ان شاءاللّہ جلد بنے گی۔

واضح رہے شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کے بعد سے حکومت 4 مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرچکی ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 100 روپے کا اضافہ کیا جاچکا ہے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts