سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے طوفان کے پیش نظر گیس کی بندش کا اعلان کردیا۔ سی این جی اسٹیشنز، کیپٹو پاور، اور فرٹیلائزرز سیکٹر کی گیس بند رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس جی سی نے سمندری طوفان کے پیش نظر سی این جی اسٹیشنز، کیپٹو پاور، اور فرٹیلائزرز سیکٹر کو گیس کی فراہمی تاحکم ثانی بند کر دی۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں گیس کی بندش کا اطلاق ہوگا۔
ایس ایس جی سی کے مطابق گیس کی فراہمی آج صبح 7 بجے سے بند کر دی گئی ہے، کمپنی کا کہنا تھا کہ طوفان کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ گیس پاور سیکٹر کو دی جائے گی، یہ اقدام طوفان کے باعث بجلی کی فراہمی جاری رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔
طوفان کے باعث آر ایل این جی کی سپلائی متاثر ہوئی تھی اور سپلائی متاثر ہونے سے بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے سوئی سدرن کمپنی کو ترجیحی بنیادوں پر گیس پاور سیکٹرز کو فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی جس پر ایس ایس جی سی نے صنعتوں، سی این جی اسٹیشنز اور فرٹیلائز سیکٹر کی گیس کی بندش کا اعلان کیا۔