کراچی سمیت سندھ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے مختلف کیٹگریز کی 886 خالی نشستوں لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ میئر کراچی مرتضٰی وہاب 3 نشستوں پر انتخابات میں حصہ لیں گے۔ پولنگ 5 نومبر کو ہوگی۔
میئر کراچی بیریسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی 3 اور ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد ایک یونین کمیٹی سے ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں جسکے لئے دونوں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق سندھ میں بلدیاتی اداروں کی مختلف کیٹگریوں کی 886 خالی ہیں ، جن میں براہ راست انتخاب والے 74 جبکہ مخصوص 812 نشستیں ہیں۔ براہ راست انتخاب کے لیے 74 خالی نشستوں میں 9 یوسی چیئرمین، 16 وائس چیئرمین ، 8 ڈسٹرکٹ کونسلرز اور 41 وارڈ ز کو نسلرز ہیں۔ ان کا انتخاب براہ راست پولنگ کے ذریعے ہوگا۔
مختلف کیٹیگریوں کی 812 مخصوص نشستیں بھی خالی ہیں ، جن میں 310 غیر مسلم، 176 خواتین، 161 خواجہ سراء 119 نوجوان اور 16 کسان مزدور کی ہیں۔ انتخابی شیڈول کے مطابق 2 اکتوبر کو پبلک نوٹس جاری کر دیا گیا ہے، مختلف کیٹیگریوں مخصوص نشستوں کے لیے 4 اکتوبر بروز بدھ کو کاغذات نامزدگی جمع کرنے کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے، جو 7 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
براہ راست انتخاب والی 74 نشستوں کے لیے بھی پبلک نوٹس 2 اکتوبر کو جاری ہوا ہے ، جبکہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل 5 سے 7 اکتوبر تک جاری رہے گا اور پولنگ 5 نومبر کو ہوگی۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ میئر کراچی بیریسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی نے ضلع 3 یونین کمیٹیوں اور ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے ایک یونین کمیٹی کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب صدیقی نے ضلع ملیر کے ابراہیم حیدری ٹائون کی یونین کمیٹی نمبر 8، ضلع جنوبی کے صدر ٹائون کی یونین کمیٹی نمبر 13 اور ضلع کیماڑی کے ماڑی پور ٹاؤن کی یونین کمیٹی نمبر 3 سے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں۔
ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے ضلع ملیر کے گڈاپ ٹاؤن کی یونین کمیٹی نمبر 7 سے ضمنی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل کئے ہیں۔ کراچی میں مجموعی طور پر براہ راست انتخاب کے لیے 9 نشستیں خالی ہیں ، جن میں سے 4 یوسی چیئرمین، 2 وائس چیئرمین اور 3 یونین کمیٹی وارڈز کونسلرز کی ہیں۔