برصغیر پاک و ہند کے عظیم صوفی بزرگ عبداللہ شاہ غازیؒ کے تین روزہ عرس کا آغاز ہوگیا۔ عبداللہ شاہ غازی کا عرس ہر سال 20، 21 اور 22 ذالحج کو منایا جاتا ہے جوکہ اس سال انگریزی مہینے کی 9 ، 10 اور 11 جولائی کو منایا جارہاہے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے عبداللہ شاہ غازیؒ کے 1293 ویں عرس کی تقریبات کا آغاز کیا۔ کامران ٹیسوری نے عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ملکی سلامتی کیلئے بھی دعائیں کیں۔ گورنر سندھ نے زائرین میں کپڑے بھی تقسیم کئے۔ عبداللہ شاہ غازیؒ کا مزار کراچی کے ساحلی علاقے کلفٹن میں موجود ہے۔
گورنرسندھ کی جانب سے تقریبات کے آغاز کے بعد مزار کو زائرین کیلئے بھی کھول دیا۔ مزار کو گزشتہ روز غسل بھی دیا گیا تھا۔ عرس کیلئے ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ زائرین عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر فاتحہ خوانی کرکے دعائیں اور منتیں مانگ رہے ہیں۔
زائرین کیلئے لنگر اور سبیل کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جبکہ عرس کے موقع پر روزانہ کی بنیاد پر محفل سماں اور محفل نعت منعقد کی جائیں گی۔ خواتین کیلئے بھی تقریبات میں شرکت کیلئے خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔
عبداللہ شاہ غازیؒ کے عرس کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ سیکیورٹی اہلکار مزار پر تین مختلف لیئرز میں تعینات ہیں اور زائرین کو مکمل تلاشی کے بعد درگاہ پر جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔ عبداللہ شاہ غازیؒ کا عرس 11 جولائی تک جاری رہے گا۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے 11 جولائی کو تعطیل کا اعلان بھی کررکھا ہے۔