صوبے میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے، جرائم کو روکنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں، نگراں وزیراعلی سندھ کی پولیس اور رینجرز کو ہدایت

نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے سندھ میں امن و امان کی خراب صورتحال پر آئی جی پولیس اور ڈی جی رینجرز کو خط لکھ دیا اور جرائم کو روکنے کی ہدایت کی ہے۔

نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول کی جانب سے آئی جی پولیس ڈی جی رینجرز کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سندھ کے بڑے شہروں سمیت دیہی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے، صوبے میں بڑھتے جرائم میں حالیہ اضافہ کافی تشویشناک ہے۔

وزیراعلی سندھ نے امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور صوبے میں جرائم کی بڑھتی لہر کو روکنے کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ 

وزیراعلی سندھ نے آئی جی پولیس اور ڈی جی رینجرز کو کہا ہے کہ صوبے کے سنگین جرائم میں اضافہ خوش آئند نہیں ہے، کراچی میں اسٹریٹ کرائم جیسی واردات روزانہ بڑھتی جارہی ہیں، اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا تمام جرائم  کی مسلسل نشاندہی کررہا ہے۔

وزیراعلی سندھ کا کہنا ہے کہ انتخابی امیدواروں پر حملہ اور دن دیہاڑے اغوا کے واقعات کی بھی رپورٹس ہیں، معاشرے میں خواتین، بچے اور بوڑھوں کو ان جرائم سے کافی نقصان اٹھانا پڑرہا ہے۔ 

صحافیوں، وکلاء، ڈاکٹرز، تاجرز اور دیگر پیشہ ور افراد کو جان و مال کے خطرات لاحق ہے، بگڑتی صورتحال کے باوجود قانون نافذ کرنے والے ادارے بدستور خاموش کیوں ہیں؟ آئین میں درج شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts