محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں آج سے 2 اکتوبر تک تیز بارشوں کا امکان ہے، جبکہ کہیں کہیں موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال میں بننے والے "گلاب” نامی طوفان کے باعث سندھ کے ساحلی شہروں میں تیز بارش ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں کا یہ اسپیل کم سے کم 4 اور زیادہ سے زیادہ سے 5 روز تک جاری رہ سکتا ہے۔ سمندری طوفان کا پاکستان کے ساحلی علاقوں کے قریب سے گزرنے کا امکان ہے جس کے باعث تیز بارش ہوسکتی ہے۔
عمرکوٹ، سانگھڑ، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، شہید بینظیر آباد، ضلع دادو اور کراچی ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش جبکہ سکھر لاڑکانہ، اور جیکب آباد میں بھی 30 ستمبر تک کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب سندھ ڈیزازٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر بارشوں کی تباہ کاریوں سے بچنے اور حفاظتی اقدامات کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ادارے اپنے وسائل تیار رکھیں اور سڑکوں پر مشینری اور عملے کے ساتھ موجود رہیں ، جن علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے وہاں پیشگی انتظامات کیے جائیں ،انسانی جان اور املاک کی حفاظت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز شہر قائد کے علاقے صدر میں مائیکرو کلاؤڈ برسٹ ہوا تھا جس کے نتیجے میں شدید بارشیں ہوئیں اور حد نگاہ کچھ دیر کے لیے صفر ریکارڈ کی گئی تھی۔