شہباز شریف کو وزیراعظم میں نے بنوایا تھا لیکن انہوں نے عوام کیلئے کام نہیں کیا، آصف علی زرداری

سابق صدر آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم شہباز شریف سے عوام کیلئے کام نہ کرنے کا شکوہ کیا ہے۔ آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو وزیراعظم انہوں نے بنوایا تھا۔

جیو نیوز کے مطابق آصف علی زرداری سے زرداری ہاؤس نوابشاہ میں عمائدین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہناتھاکہ سابق وزیر اعظم کو میں نے بنوایا تھا لیکن انہوں نے کام نہیں کیا، سابقہ حکومت نے عوام کیلئے کام نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کیلئے کام کیا ہے، نواب شاہ میں ایگریکلچر یونیورسٹی قائم کروں گا اور ضلع میں پولیس یونیورسٹی قائم کی جائے گی جس میں امیدواروں کو پہلے تربیت دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھاکہ روہڑی کینال پر بجلی پیدا کرنے کیلئے ہائیڈرو سسٹم لگایا جائے گا، نہری نظام میں بہتری سے زرعی شعبے میں بہتری آئے گی، نواب شاہ کی آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے اس لئے شہر کو بڑھایا جائے گا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد منظور ہونے کے بعد اتحادی حکومت قائم کی گئی تھی جس میں مسلم لیگ  (ن)، پیپلزپارٹی اور جمعیت علمائے اسلام سمیت کئی جماعتیں شامل تھیں۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts