اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے 18 سال سے زائد عمر کے شہریوں کے لئے پہلا شناختی کارڈ مفت اور 40 کے بجائے 15 دن میں بنانے کا اعلان کر دیا
وفاقی وزیر نے اسلام آباد میں نادرا ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اب ہفتہ اور اتوار کو بھی نادرا ہیڈکواٹرز کھلے رہیں گے۔ تمام تحصیل ہیڈکوارٹرز میں مزید 50 نادرا سینٹر کھولے جائیں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا جب تک وزیر ہوں کسی کنٹریکٹ ملازم کو نہیں نکالوں گا، ہمیں تنخواہوں سے نہیں، کام سے غرض ہے، 16 ہزار میں سے 3 ہزار افراد کنٹریکٹ پر بھرتی ہیں، نادرا لوگوں کے مسائل کے حل پر توجہ دے، نادرا کا ترجمان ذرا ڈھیلا ہے، اسے تیز کروں گا، 7 لاکھ سے زائد افغانی رجسٹرڈ ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ڈی ایم نے دھرنا دینا ہے یا استعفے، جو کرنا ہے کردیں، بس اتنا یاد رکھیں کہ سینیٹ میں اکثریت کے بعد عمران خان ایسا قانون لائیں گے کہ چوروں لٹیروں کی چیخیں نکل جائیں گی۔
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ سے ہمارا کوئی قیدیوں کی منتقلی سے متعلق معاہدہ نہیں۔ برطرف وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اللہ ہی وطن واپس لا سکتا ہے۔