شاہ فیصل کالونی میں عمارت گرنے کے واقعہ پر ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر سمیت 4 افسران معطل

سندھ کے نگران وزیر اعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں زیر تعمیر عمارت گرنے کے نتیجے میں 5 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے 4 افسران بشمول ایک ڈائریکٹر کو معطل کر دیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز نے عمارت کا ڈھانچہ غیرقانونی قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ذمہ دار بلڈرز اور ٹھیکہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ مقبول باقر نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور ایس بی سی اے کورنگی کے ڈائریکٹر سید محمد ضیا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر وسیم راجا تھہیم، سینیئر بلڈنگ انسپکٹر تنویر خان اور بلڈنگ انسپکٹر خرم رضوان کو معطل کرنے کا حکم دیا۔

نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس طرح کی تعمیرات کی کسی صورت بھی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ ان سے لوگوں کی زندگیوں کو خطرہ درپیش ہوتا ہے۔

واضح رہے بدھ کے روز کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں 40 گز پر زیر تعمیر تین منزلہ عمارت پر مزدور آر سی سی چھت تعمیر کر رہے تھے کہ عمارت گر گئی تھی۔ واقعہ میں 5 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts