سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر جامعہ کراچی میں ہونے والی عالمی کانفرنس منسوخ کر دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر مقصود انصاری نے کانفرنس ملتوی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
جامعہ کراچی میں دو ماہ بعد سائنس، انجینیئرنگ اور ٹیکنالوجی کے موجودہ رحجانات پر پہلی عالمی کانفرنس ہونی تھی، کانفرنس 25 سے 28 جولائی تک شیڈول تھی۔ جس میں ملکی اور غیرملکی ماہرین نے شرکت کرنا تھی لیکن موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے باعث کانفرنس کا انعقاد ممکن نہیں ہوسکا۔
رجسٹرار جامعہ کراچی کا کہنا ہے کہ کانفرنس شیڈول کے مطابق کروانا چاہتے تھے لیکن موجودہ سیکیورٹی صورتحال میں غیرملکی وفود کی آمد سیکیورٹی رسک ہے، صورتحال کی بہتری کے بعد کانفرنس منعقد کی جائے گی۔
رجسٹرار جامعہ کراچی کے مطابق کانفرنس ملتوی ہونے کےبعد اب رجسٹریشن اور کفالت میں حاصل کی گئی رقوم بھی واپس کردی جائیں گی۔ فی الحال کانفرنس کو ملتوی کررہے ہیں لیکن صورتحال بہتر ہونے کے بعد عالمی کانفرنس کا انعقاد ضرور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 26 اپریل کو جامعہ کراچی کے کنفیوشس سینٹر کے چینی حکام کی گاڑی کو خودکش دھماکے سے نشانہ بنایا گیا تھا جس میں سینٹر کے ڈائریکٹر سمیت 3 چینی باشندے اور گاڑی کا ڈرائیور جاں بحق ہو گئے تھے۔