سپریم کورٹ کے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو کالعدم قرار دینے اور قومی اسمبلی کو بحال کرنے کے فیصلہ کا متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے خیرمقدم کیا ہے۔ ایم کیوایم نے آج شہر میں پرامن ریلی نکالنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد ایم کیوایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد پر کارکنوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی جہاں کارکنوں نے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے جشن منایا۔
میڈیا سے گفتگو میں ایم کیوایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے جمعہ کی رات عائشہ منزل پر ریلی نکالنے کا اعلان کیا۔ فیصل سبزواری نے کارکنوں سے پرامن رہنے اور کسی سے بدتمیزی نہ کرنے کی تقلین کی لیکن ساتھ یہ بھی کہا کہ انکے ساتھ ہونے والی بدمعاشی بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔
فیصل سبزواری نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان کے متحدہ اپوزیشن میں شمولیت کے بعد تحریک انصاف کے کارکنان نے جو طوفان بدتمیزی مچارکھی تھی ایم کیوایم کے کارکنان اسکا جواب اچھے سے دینا چاہتے ہیں لیکن ہم نے انہیں صبر کی تلقین کی۔
فیصل سبزواری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل ہم نے آگاہ کردیا تھا، ہمارے شہر میں کوئی بدمعاشی نہ کرے، آج پھر سے سمجھ جائے، ہم کسی سے لڑنا نہیں چاہتے لیکن ہم ڈرنے والے نہیں۔ ایم کیوایم پاکستان تاریخ کی درست سمت میں کھڑی ہے،آدھے سے زیادہ ایم این اے بکنے کے لئے تیار بیٹھے ہیں، ہمیں میسج آرہے ہیں کہ ایم کیو ایم میں شمولیت کرادیں۔
رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ کراچی لوٹ کا مال نہیں ہے، ایم کیو ایم کے کارکن ڈرنے والے نہیں ہیں۔کل رات کو عائشہ منزل پر انکو ایک چھوٹا سے شو دکھائیں گے، آپ سب لوگ عائشہ منزل پر اپنے اہل خانہ کے ساتھ ضرور آئے۔
فیصل سبزواری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے آئین کو توڑتے ہوئے اسمبلیاں تحلیل کی تھیں لیکن آج سپریم کورٹ نے انکی آئین شکنی کو انکے منہ پر دے مارا ہے۔