سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں غیر قانونی بلند و بالا عمارتوں کی تعمیرات فوری روکنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ڈی جی ایس بی سی اے کو پلاٹ نمبر اے 483 پر فوری کارروائی کی ہدایت کردی۔ سب رجسٹرار کو پورشنز کی سب لیز سے بھی روک دیا۔
نارتھ ناظم آبادبلاک جے میں غیر قانونی کثیرالمنزلہ پورشنز کی تعمیرات کیخلاف کیس کی سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ درخواست گزار سید محمد فضل نے عدالت کو بتایا کہ نجی بلڈر رہائشی پلاٹ پر پورشنز بنا رہا ہے۔ ایس بی سی اے سے شکایت کی مگر کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔ لیگل نوٹس بھی دیا مگر تعمیرات جاری ہیں۔
عدالت نے نارتھ ناظم آباد میں غیرقانونی بلند و بالا پورشنز پر تعمیرات فوری روکنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ڈی جی ایس بی سی اے کو پلاٹ نمبر اے 483 پر فوری کارروائی اور پورشنز کو گیس، بجلی، پانی کنکشن فراہم نہ کرنے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے حکام دیا کہ ایس بی سی اے غیر قانونی تعمیرعمارت کوگراکر 45 روز میں رپورٹ پیش کرے۔عدالت نےڈی جی ایس بی سی اے اور نجی بلڈرز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ڈی جی ایس بی سی اے سے عمل درآمد رپورٹ بھی طلب کرلی۔