سندھ میں پہلی بار ضلع کونسل کی جانب سے روہڑی شہر کو فری وائی فائی زون قرار دے دیا گیا۔ روہڑی میں فری وائی فائی انٹرنیٹ سروس کا آغاز کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈسٹرکٹ کونسل سکھر کی جانب سے روہڑی کے شہریوں کے لئے فری انٹرنیٹ سروس کا آغاز کردیا گیا جس کا افتتاح ڈسٹرکٹ کونسل سکھر کے چیئرمین کمیل حیدر شاہ نے کیا۔
چیئرمین کمیل حیدر شا کا کہنا ہے کہ فری وائی فائی سروس کی اسپیڈ 3 ایم بی رکھی گئی ہے، جسے ڈھائی سے تین ہزار صارفین بیک وقت استعمال کر سکیں گے۔
چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ کا کہنا تھا کہ خوشی ہے عوام سے کیے وعدے پورے کر رہے ہیں، موجودہ دور آئی ٹی کا ہے، فری انٹرنیٹ سروس سے نئی جنریشن مستفید ہوسکے گی۔
کمیل حیدر شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ٹیسٹ ٹرانسمیشن کی کامیابی کے بعد پورے روہڑی شہر میں فری وائی فائی انٹرنیٹ سروس فراہم کریں گے۔ اگلے مرحلے میں سکھر، پنو عاقل اور دیگر شہروں میں سروس دیں گے۔