سراج الدولہ گورنمنٹ ڈگری کالج چوتھے سندھ کالجز گیمز کے ڈسٹرکٹ سینٹرل کا چیمپئن بن گیا۔ فائنل میں شپ اونر کالج نارتھ ناظم آباد کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیکر ٹائٹل حاصل کیا۔ گلستان جوہر کالج کے نعیم خالد نے انعامات تقسیم کئے.
گورنمنٹ ڈگری کالج لیاقت آباد کے زیر اہتمام منعقد ہونیوالا فٹبال کا ایونٹ کراچی یونیورسٹی کے فٹبال گرائونڈ میں کھیلا گیا جس میں ضلع وسطیٰ کے پانچ کالجز کی ٹیموں نے شرکت کی۔ سراج الدولہ کالج نے سیمی فائنل میں ڈگری کالج لیاقت آباد کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے تینوں گول شاہ زین نے اسکور کئے اور ہیٹ ٹرک بنانے کا اعزاز حاصل کیا.
فائنل میں چیمپئن ٹیم نے دلچسپ اور سنسنی خیز معارکے میں شپ اونر کالج نارتھ ناظم آباد کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیکر ٹائٹل حاصل کیا فاتح ٹیم کی جانب سے عالیان علی اور محمد وقار نے گول اسکور کئے جبکہ شکست خوردہ ٹیم کا واحد گول محمد ابرار نے بنایا.
مہمان خصوصی نے پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج لیاقت آباد سید معین الدین پیرزادہ، محمد شاہد اور ظفر محمود سراج کے ہمراہ انعامات تقسیم کئے. ٹیم کی کامیابی پر سراج الدولہ کالج کے پرنسپل ناصر اقبال نے کوچ ظفر محمود سراج اور کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی اور مستقبل میں کامیابی کے سفر کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔