Search
Close this search box.

سندھ کابینہ کی تیزاب کی فروخت اور ذخیرہ کرنے کے قواعدوضوابط کی منظوری

سندھ کابینہ نے سندھ ریگولیشن فار سٹوریج، سیل اینڈ پرچیز آف ایسڈ رولز 2022 کی منظوری دے دی۔ ڈیپلیکس اسمائل اگین فاؤنڈیشن (Depilex Smile again Foundation) کی کوششوں سے تیزاب کی فروخت اور ذخیرہ کرنے کے قواعدوضوابط کی منظوری دی گئی ہے۔

 ڈیپیلیکس سمائل اگین فاؤنڈیشن (Depilex Smile again Foundation) نے سندھ ہائی کورٹ میں ایک آئینی پٹیشن دائر کرکے تیزاب جیسے ناپاک مادے کی غیر منظم فروخت کو اجاگر کیا۔ سندھ ہائی کورٹ کے  چیف جسٹس  احمد علی شیخ اور جسٹس یوسف علی سعید پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے تیزاب کی فروخت، ذخیرہ اور خریداری کے سلسلے میں سیکریٹری سندھ سے موجودہ قواعدو ضوابط سے متعلق رپورٹس طلب کیں۔ حکومت سندھ کے متعدد محکموں کے ساتھ مشاورتی اجلاس میں یہ بات سامنے آئی کہ  پوائزن ایکٹ 1919 کے تحت ابھی تک قواعد وضع نہیں کیے گئے۔

محکمہ داخلہ نے تیزاب کی فروخت، ذخیرہ کرنے اور خریداری کے حوالے سے قواعد وضع کیے جسکی محکمہ قانون نے توثیق کی۔ ان رولز کی منظوری وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دی اور حتمی منظوری کے لیے سمری صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کی گئی۔

صوبائی کابینہ نے ان قواعد کی منظوری دی جو تیزاب کی وسیع پیمانے فروخت کو روکیں گے اور عوام تک اسکی رسائی کو منظم بنائیں گے۔  یہ قوانین تیزاب سے متعلق جرائم سے نمٹنے کے لیے دفاع کی پہلی لائن ثابت ہوں گے۔

واضح رہے پوائزن ایکٹ 1919 تیزاب کی فروخت کی ریگولیشن اور لوگوں پر تیزاب پھینکنے کے جرم کو روکنے کے لیے بنایا گیا تھا۔جس کے مطابق مخصوص افراد کے لیے تیزاب بیچنے، ذخیرہ کرنے یا خریدنے کے لیے لائسنس ضروری ہے۔

لائسنس ہولڈر کے لیے تیزاب کی فروخت، ذخیرہ اور خریداری سے متعلق تمام ریکارڈ برقرار رکھنا لازمی ہے جس میں فروخت کی تاریخ، خریدار کا نام اور پتہ، خریدار کے شناختی کارڈ کی نقل، فروخت کیے گئے تیزاب کا نام اور مقدار ، خریداری کا مقصد اور خریدار کے دستخط لازمی ہیں۔

اس سے پہلے، تیزاب کی خرید و فروخت کو ریگولیٹ کرنے کے سلسلے میں کوئی قانون سازی موجود نہیں تھی اور تیزاب  ایسے کسی ضابطے یا کنٹرول کے بغیر وسیع پیمانے پر دستیاب تھا۔

 ڈیپیلیکس سمائل اگین فاؤنڈیشن (Depilex Smile again Foundation) پاکستان کی ایک ممتاز کاسمیٹولوجسٹ اور مخیر حضرات محترمہ مسرت مصباح کی تشکیل کردہ ایک تنظیم ہے جو صدارتی ایوارڈ برائے پرائیڈ آف پرفارمنس حاصل کرنے والی ہیں۔  ڈیپیلیکس سمائل اگین  فاؤنڈیشن 760 سے زیادہ تیزاب اور مٹی کے تیل سے جلنے والے متاثرین کو طبی علاج اور بحالی فراہم کرچکی ہے۔

جواب دیں

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں