وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سکھر سائبر کرائم ونگ نے شکارپور اور سکھر میں چھاپا مار کاروائی کرتے ہوئے سندھ پولیس کے نام سے جعلی ڈرائیونگ لائسنس بنانے والے گروپ کے 3 ارکان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت فہیم قمر، افتخار علی اور عمران علی کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان نے شکارپور ٹریفک پولیس کے نام سے جعلی ویب سائٹس بنائی ہوئی تھیں اور جعلی ڈرائیونگ کے اجراء میں ملوث تھے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان نے متعدد شہریوں کو جعلی ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے، ملزمان اب تک 27 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کر چکے ہیں۔
ترجمان ایف ائی اے کا کہنا تھا کہ ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز اور لیپ ٹاپ برآمد کیے گئے جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔