پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے سندھ پولیس میں کالی بھیڑوں کو عوام کے جان و مال کیلئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ پولیس اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام ہورہی ہے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ پولیس کی ذمہ داری عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنا ہے لیکن سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار عوام کے لیے خوف کا باعث بن گئے ہیں۔ پندرہ سالہ ارسلان محسود کا انتہائی قابل مذمت قتل کراچی میں ماورائے قانون اور عدالت قتل عام کا تسلسل ہے۔
اخباری اطلاعات کے مطابق پکڑے جانے والے اکثر جرائم پیشہ اور منشیات فروشوں کی سرپرستی سندھ پولیس کی کالی بھیڑیں کررہی ہوتی ہیں۔ صوبہ آٹو پہ چل رہا ہے۔
واضح رہے گزشتہ چند ہفتوں میں کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جس میں پولیس اہلکاروں کے بھی ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔