سندھ پولیس کے لئے نئی گاڑیوں کی خریداری کی سمری تیار کرلی گئی۔ سمری کے مطابق آئی جی سندھ نے نئی گاڑیاں خریدنے کے لئے 1 ارب 80 کروڑ روپے جاری کرنے کی سفارش کی ہے۔ سمری آئی جی سندھ کی درخواست پر سیکریٹری محکمہ داخلہ سندھ سعید منگنیجو نے تیار کی ہے۔
آئی جی سندھ نے اربوں روپے مالیت کی گاڑیاں خریدنے کے لئے براہ راست کسی کمپنی کو ٹینڈر دینے کی بھی درخواست کی ہے جبکہ براہ راست کسی کمپنی کو ٹنڈر دینا پبلک پروکیورمنٹ رولز کی خلاف ورزی ہے۔
سمری کے مطابق موجودہ مالی سال کے دوران سندھ پولیس کی گاڑیاں خریدنے کے لیے 17 کروڑ روپے سے زائد کی رقم جاری ہو چکی ہے۔ مزید 1 ارب 62 کروڑ روپے سے زائد کی رقم بھی جاری کی جائے۔
سمری کے مطابق رواں مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 541 گاڑیوں کی خریداری کا ہدف طے کیا گیا ہے، پولیس موبائل وینز کے لیے 245 ٹویوٹا ہائی لکس گاڑیاں خریدی جائیں گی۔
ریوو، یارس سمیت ڈبل کیبن لینڈ کروزرز بھی پولیس کے لیے خریدی جائیں گی، پیٹرولنگ کے لیے 250 سی سی کی 10 ہیوی بائیکس اور 125 سی سی کی 196موٹر سائیکلیں خریدی جائیں گی۔