سندھ پولیس نے اسکریپ یارڈ (استعمال شدہ سامان کی مارکیٹ) میں عام شہریوں کیلئے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کو سامان کی خرید و فروخت کرتے وقت دکھانا لازمی قرار دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سندھ پولیس نے شناختی کارڈ لازمی قرار دینے کا فیصلہ چوری کے سامان کی خرید و فروخت روکنے کیلئے کیا ہے اور اس پر عمل درآمد فوری طور پر شروع کردیا گیا ہے۔
سندھ پولیس کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ اسکریپ یارڈ میں بغیر شناختی کارڈ کے سامان کی خرید و فروخت کو چوری سمجھا جائے گا۔ قومی شناختی کارڈ فراہم نہ کرنے والے شہریوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
پولیس نے رنچھوڑ لائن اسکریپ مارکیٹ میں ٹارگٹڈ آپریشن بھی کیا اور بازار میں خرید و فروخت ہونے والے سامان کا ریکارڈ چیک کیا۔ پولیس نے بازار میں فروخت ہونے والے موٹر سائیکل کے انجن کو چیک کرنے کے لیے تلاش ایپ کا بھی استعمال کیا۔