نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے فیصلہ کے مطابق سندھ میں بھی تمام نجی و سرکاری اسکولوں میں 12 سے 18 سال کی عمرکے طالب علموں اور اساتذہ کو بھی لازمی کورونا ویکسین لگوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈائریکٹر پرائیوٹ انسٹیٹیوشنز ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی نے تمام نجی و سرکاری اسکولوں اور کالجز کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔ کورونا کےبڑھتے کیسز ،طلبہ کی صحت کو بہتر کرنے اور تعلیمی عمل کو بلاتعطل جاری رکھنے کےلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسکول انتظامیہ اپنے اپنے اسکول میں بچوں کی ویکسینیشن کا انتظام کریں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے تمام اسکولوں میں طالب علموں کےساتھ اساتذہ اور دیگر عملہ بھی ویکسین شدہ ہو۔
اسکولوں کو ارسال کئے گئے مراسلہ کے مطابق 12 سال یا اس سےزائد عمر کے کسی بھی طالب علم یا اسکول کے عملہ کا کوئی بھی فرد ویکسین سے محروم پایا گیاتو اسکول انتظامیہ کے خلاف سخت کاروائی شروع کی جائےگی۔اسکول انتظامیہ کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ اسکول کا جو عملہ پہلے سے ویکسین شدہ ہے انتظامیہ انکے ویکسیشن کارڈ کی کاپی ضرور حاصل کریں تاکہ این سی او سی کے فیصلہ پر عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے۔
پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ مجموعی طور پر پاکستان میں مہلک وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے۔سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 84 ہزار 985 ہو چکی ہے۔ کراچی میں کورونا وائرس کی شرح 10.25 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں 6340 ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے 650 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔