گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے پارلیمانی بورڈ اور کور کمیٹی کا اہم اجلاس،فنکشنل لیگ ہاؤس کراچی میں ہونے والے اجلاس کی صدارت جی ڈی اے کے چیف کوآرڈینیٹر سید صدر الدین شاہ راشدی نے کی، اجلاس میں سندھ کے تین سابق وزرائے اعلی ، سابق وزراء، سابق ارکان اسمبلی اور قوم پرست رہنما شریک ہوئے، اجلاس میں ڈاکٹر صفدر علی عباسی، سید مظفر حسین شاہ، لیاقت علی جتوئی، ڈاکٹر ارباب غلام رحیم سمیت دیگر شریک ہوئے،اجلاس میں سردار عبدالرحیم، عرفان اللہ مروت، ایاز لطیف پلیجو ، سید زین شاہ، بیرسٹر حسنین مرزا سمیت جی ڈی اے کے دیگر رہنما دیگر شریک ہوئے۔
پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں سندھ بھر سے آئے ہوئے جی ڈی اے کے امیدواروں کے انٹرویوز کیے گئےجبکہ جی ڈی اے کے عوامی فلاحی منشور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔اس موقع پر سید صدرالدین شاہ راشدی نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک سمیت سندھ بھر میں شفاف انتخابات عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے عوام آئندہ عام انتخابات میں کسی بھی قسم کی دھاندلی برداشت نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ کرنے والے لیول پلیئنگ فیلڈ پر عملدرآمد بھی کریں سندھ کی حالت زار پر عوام ماتم کررہے ہیں لیکن غاصب لیڈر اپنی تجوریاں بھر کر غائب ہیں رہنما جی ڈی اے ڈاکٹر صفدر علی عباسی کا کہنا تھا کہ پندرہ سالوں سے سندھ میں دھاندلی زدہ الیکشن کے نتیجے میں ایک ہی جماعت کی حکومت قائم کی گئی ان نام نہاد حکمرانوں نے سندھ کے چپے چپے کو بنجر کردیا، عوام بنیادی سہولیات سے محروم کردئیے گئے جبکہ انکے لوگوں نے صرف مال بناؤ پالیسی پر عمل کیا، سندھ میں جی ڈی اے کی عوامی حکومت قائم ہوگی جی ڈی اے کا عوامی منشور سندھ میں انقلاب برپا کرے گا ۔
سابق وزیراعلی سندھ لیاقت علی جتوئی نے کہا کہ سندھ کو سیلاب میں ڈبونے والوں کو عوام آئندہ عام انتخابات میں ڈبو دیں گے کیونکہ عوام جانتے ہیں کہ زرداری ٹولے نے سیلاب کے دوران غریب عوام کے گھر بار اور فصلیں تباہی کیں عوام ان سے ایک ایک پائی کا حساب لیں گے۔ سابق وزیراعلی سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات کے نتیجے میں سندھ میں جی ڈی اے اور اتحادی حکومت بنائیں گے عوام پولنگ کے روز اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کریں اور جی ڈی اے اور اسکے اتحادیوں کو کامیاب بنائیں۔ایاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ عوام لوٹ کھسوٹ کی سیاست کرنے والوں کو پہچان چکے لٹیروں کا مقدر صرف اور صرف جیل ہوگی۔
سیکرٹری اطلاعات جی ڈی اے سردار عبد الرحیم نے کہا کہ ووٹ کی طاقت اصل طاقت ہے عوام زرداری مافیا کو الیکشن میں ووٹ سے شکست دینگے۔ وہ دن دور نہیں جب سندھ میں جی ڈی اے کی شکل میں عوام کی اپنی حکومت قائم ہوگی سندھ پھر سے ترقی کریگا ہم کسانوں، مزدوروں، محنت کشوں، خواتین اور ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو انکے جائز حقوق دلائینگے سردار عبدالرحیم نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ ہمارا منشور تکمیل کے مراحل میں ہے منشور کمیٹی کے ارکان رواں ہفتے جی ڈی اے کے عوامی فلاحی منشور کو حتمی شکل دیگی سید زین شاہ نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات ابتر ہیں انتخابات سے قبل کڑا احتساب ضروری ہے۔