کراچی سمیت سندھ بھر میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے ٹیکس نادہندگان گاڑیوں کے خلاف روڈ چیکنگ مہم کا آغاز کردیا۔ پہلے روز 36 لاکھ روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا گیا۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ کے ترجمان کے مطابق مہم کے پہلے روز سب سے زیادہ سکھر میں 963 گاڑیاں چیک کی گئیں۔ حیدرآباد میں 791 اور کراچی میں 787 گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔
لاڑکانہ میں 420، میرپور خاص میں 360 اور شہید بےنظیرآباد میں 206 گاڑیاں چیک کی گئیں۔ ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر 246 گاڑیاں ضبط کی گئیں جبکہ 280 گاڑیوں کے کاغذات ضبط کئے گئے۔
روڈ چیکنگ مہم کے پہلے دن ٹیکس نادہندگان سے 26 لاکھ روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اورنگزیب پنھور کا کہنا ہے کہ ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں سے ٹیکس وصولی کی روڈ چیکنگ مہم 7 مارچ تک جاری رہے گی۔
ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اورنگزیب پنھور کا کہنا ہے کہ ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں کے مالکان کے لئے آن لائن ٹیکس جمع کروانے کی سہولت بھی موجود ہے۔