کراچی سمیت سندھ میں ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات جاری ہیں۔ جہاں ایک جانب سہولیات کے فقدان کے باعث طالب علموں کو پریشانی کے سامنا ہے وہیں کئی طالب علم دوران امتحانات نقل کرتے ہوئے بھی پکڑے گئے۔
سندھ کے وزیرجامعات و بورڈز اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ سندھ کے 5 ڈویژن میں صرف 2 روز میں 500 طلبہ و طالبات نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے۔
اسماعیل راہو کے مطابق اصل امیدوار کی جگہ امتحان دینے پر 218 اور 6 طالب علم امتحانی کاپیاں ردو بدل کرنے پر پکڑے گئے ہیں۔
سکھر میں درجنوں طالب علموں سے موبائل فونز بھی برآمد کئے گئے ہیں، سب سے زیادہ نقل کے کیسز لاڑکانہ اور سکھر ڈویژن میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
اسماعیل راہو نے طالب علموں سے درخواست کی ہے کہ طلبہ و طالبات نقل کرکے اپنا مستقبل تباہ نہ کریں اور اپنی تعلیمی قابلیت کے مطابق ہی امتحانات دیں۔