الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں جاری نہ کرنے کے فیصلے کے بعد سندھ اسمبلی کی مزید مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن اور الیکشن کے فارم 45، فارم 46، فارم 48 اور فارم 49 جاری کردئے ہیں۔
سندھ اسمبلی میں خواتین کی باقی دو مخصوص نشستوں میں سے ایک پر پیپلزپارٹی کی سمیتا افضال سید اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی فوزیہ حمید ، جبکہ سندھ اسمبلی میں اقلیتی نشست پر پیپلزپارٹی کے سدھو مل سریندر ویلاسائی کو کامیاب قرار دے دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ اسمبلی کی 168 نشستوں کی پارٹی پوزیشن واضح ہوگئی ہے ، پیپلزپارٹی 89 جنرل ، 21 خواتین اور 7 اقلیتی نشستوں کے ساتھ 117 کے عدد تک پہنچ گئی ہے، جو دو تہائی اکثریت سے زائد ہے۔ ایک جنرل نشست پر پیپلزپارٹی کےمنتخب رکن کے انتقال کے بعد اس وقت سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی کی 116 نشستیں ہیں۔ دوسرے نمبر پر37 نشستوں کے ساتھ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ہے ، جس کو 28 جنرل، 6 خواتین اور 3 اقلیتی نشستیں ملی ہیں۔
تیسرے نمبر پر جنرل نشستوں پر کامیاب پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 9 ارکان ہیں، چوتھی پوزیشن گرینڈڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی ہے ، جن کے پاس 3 نشستیں ہیں ، جن میں سے 2جنرل اور ایک خاتون کی مخصوص نشست ہے اور پانچویں نمبر پر جماعت اسلامی ہے ،جس کے 2 ارکان ہیں اور دونوں ارکان جنرل نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں ،تاہم جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا ہے اور الیکشن کمیشن نےاس کی وجہ انتخابی گوشوارے نہ جمع کرانا بتائی ہے اور اسی وجہ سے جماعت اسلامی کو خواتین اور اقلیتی نشستوں کے کوٹے میں شامل بھی نہیں کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ حافظ نعیم الرحمان نشست چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔
دریں اثناء الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024 کے نتائج کے فارم 45 ، فارم 46،فارم 48 اور فارم 49 بھی جاری کردئے ہیں ۔الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ کے لنک پرقومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کےحلقوں کے مذکورہ فارم موجود ہیں۔ فارم 48 میں پولنگ اسٹیشن کے حساب سے امیدواروں کے ووٹ موجود ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان ویب سائٹ لنک
https://ecp.gov.pk/general-elections-2024