شہرقائد میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کے بعد محکمہ موسمیات نے گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ظاہر کردیا۔ کراچی میں آج سے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوب مغرب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 14 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، جس میں نمی کا تناسب 60 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کم سے کم درجہ حرارت 24ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن بھر کے دوران درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔
تین روز قبل آنے والی گرمی کی لہر کے دوران کراچی میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا جبکہ سمندری ہوائیں معطل ہونے کےباعث محسوس کئے جانے والا درجہ حرارت 42 ڈگری سے بھی تجاوز کرگیا تھا،
محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ 14 یا 15 اپریل سے گرمی کی ایک اور لہر شہر کو متاثر کرے گی۔ جسکے دوران بھی سمندری ہوائیں معطل ہونے کےباعث درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کئے جانے کا امکان ہے جبکہ محسوس کئے جانے والا درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ رمضان المبارک کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔