Search
Close this search box.

سمندری طوفان کراچی سے 770 کلومیٹر دور، آج سے گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع، بدھ سے بارش کا امکان

بحیرہ عرب میں سمندری طوفان بیرجوائے انتہائی شدید طوفان میں تبدیل ہوچکا ہے جو کراچی سے اب 770 کلو میٹر کے دوری پر ہے۔ سمندری طوفان کے باعث آج سے گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے اور اس وقت طوفان شدید ترین سائیکلونگ اسٹارم بن چکا ہے جو شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کا یہ سسٹم شمال کی جانب بڑھتا رہے گا، سسٹم کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 140 سے 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، سسٹم کے مرکز اور اطراف میں لہریں 30 سے 40 فٹ بلند ہو رہی ہیں۔

طوفان کے پیش نظر آج سے کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان  ہے۔ شہرِ قائد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے37 ڈگری سینٹی گریڈ ہو سکتا ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

سائیکلون کے قریب آنے پر گرمی مزید بڑھ سکتی ہے، پیر کو درجۂ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ شدید حبس اور سمندری ہوائیں معطل ہونے کے باعث محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت  44 ڈگری سینٹی تک ہوسکتا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہ طوفان بھارتی خلیج کچ اور جنوب مشرقی سندھ کے درمیان ٹکرا سکتا ہے، طوفان کے اثرات کا اندازہ اس کے ٹکرانے کی شدت پر منحصر ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ نے یہ بھی بتایا کہ ا گر طوفان کمزور ہوتا ہے تو اس کی شدت شدید سمندری طوفان کی رہے گی، کے ٹی بندر پر لہریں 8 سے 10 فٹ بلند ہو سکتی ہیں۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کا رخ شمال اور شمال مشرق کی سمت ہے، جنوب مشرقی سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

اس دوران ہوائیں 60 سے 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں، جبکہ اس سے کراچی، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر اور میرپورخاص میں 13 جون کی شام یا رات سے موسلادھار بارش متوقع ہے۔

محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ تیز ہواؤں کے باعث کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچ سکتا ہے، طوفان کی بحیرۂ عرب میں موجودگی تک سمندر میں شدید طغیانی رہے گی، ماہی گیر آج سے سمندری طوفان کے اختتام تک کھلے سمندر میں نہ جائیں، محکمۂ موسمیات کا سائیکلون وارننگ سینٹر سسٹم کو مانیٹر کر رہا ہے۔

سمندری طوفان کے باعث کراچی کے ساحل پر دفعہ 144 نافذ ہے اور ماہی گیروں کو مچھلی کے شکار کے لیے سمندر میں جانے سے منع کیا گیا ہے۔

 

جواب دیں

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں