سعودی عرب نے اے ایس پی شہربانو نقوی کو بطور شاہی مہمان دورے کی دعوت دے دی ہے۔ اے ایس پی شہر بانو کو پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے دورہ سعودی عرب کی دعوت دی ہے۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی جانب سعودی سفارتخانے میں اے ایس پی شہر بانوی نقوی کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی تھی۔
سعودی سفیر نے نوجوان پولیس افسر کی جرات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ سعودی حکومت انہیں اور ان کے اہل خانہ کے دورہ سعودی عرب کے تمام اخراجات برداشت کرے گی اور وہ شاہی مہمان ہوں گے۔ سعودی سفیر نے ان کی بے غرض لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔
واضح رہے چند روز قبل لاہور کی اچھرہ مارکیٹ میں اے ایس پی شہر بانو نقوی نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عربی خطاطی والا لباس زیب تن کیے ہوئے خاتون کو مشتعل ہجوم سے بچایا تھا۔