پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن سدرن ریجن کے چیئرمین نے سیلاب کے باعث پولٹری کا شعبہ میں ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا ہے۔ سلمان منیر کا کہنا ہے کہ سیلاب سے سندھ اور بلوچستان میں پولٹری فارم تباہ ہوگئے۔
پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن سدرن ریجن کے چیئرمین سلمان منیر نے کراچی پریس کلب پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب نے پولٹری انڈسٹری کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا۔ سیلاب سے سندھ اور بلوچستان کے 70 فیصد فارم تباہ ہوگئے۔
سلمان منیر کا کہنا تھا کہ پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کاروبار کو متاثر کررہا ہے۔ چیئرمین پولٹری ایسوسی ایشن نے حکومت سے پولٹری انڈسٹری پر عائد ٹیکسوں میں کمی کا مطالبہ بھی کردیا۔
سلمان منیر کا کہنا تھا کہ حکومت سیلاب کی وجہ سے پولٹری فارمز پر بجلی کے بلوں کو معاف کرے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ حکومت سندھ پولٹری فارم کی زمینوں کی لیز کی تجدید نہیں کررہی ہے۔ کراچی میں 80 کلو میٹر پر محیط پولٹری اندسٹری لیز کی تجدید نہ ہونے سے بند ہوجائیں گیں۔
پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن سدرن ریجن کے چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ حکومت سندھ تجدید کرکے 99 سالہ پولٹری فارمز کو لیز جاری کرے۔ سلمان منیر کا مذید کہنا تھا کہ بلوچستان میں تباہ ہونے والے پولٹری فارمز کو دوبارہ تعمیر کرنا فی الحال ناممکن ہے۔
سلمان منیر نے بتایا کہ مرغیوں کی ادویات اور خوراک میں 60 فیصد کا ہوشرباء اضافہ ہوگیا ہے۔ مرغیوں کی خوراک مکئی چھ ماہ میں 1600 سو روپے من سے 25 سو روپے من ہوگئی ہے۔ حکومت سستی مرغی اور انڈے کیلئے مکئی کی برآمد پر فوری پابندی عائد کرے۔