پاکستان کوسٹ گارڈز اور رینجرز نے مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی منشیات، اشیائے خوردونوش اور دیگر اسمگل شدہ اشیاء برآمد کرلی ہیں۔
رینجرز کی جانب سے اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلہ میں رینجرز نے حب چوکی چیک پوسٹ اور اندرون سندھ جیکب آباد کی عبدالجبار چیک پوسٹ پر کارروائی کی۔
ترجمان رینجرز کے مطابق کارروائی میں 6050 لیٹر ایرانی تیل، سگریٹ، نان کسٹم پیڈ اشیائے خوردونوش کی بڑی مقدار برآمد کرلی گئی۔ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی 2گاڑیاں، ایک کنٹینر، 3 بس، 8 مزدا، 2 ٹرک اور ایک آئل ٹینکر بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈز کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز نے بلوچستان کے علاقے گوادر بندری میں کامیاب کارروائی کی ہے۔ جس میں ایک گاڑی سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ دوران گشت مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی گئی، جس پر ملزمان نے فرار کی کوشش کی اور تعاقب پر ملزمان گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ گاڑی سے743 کلوگرام چرس اور 57 کلوگرام میتھ (آئس)برآمد ہوئی ہے۔