رائیونڈ میں سالانہ تبلیغی اجتماع کے پہلے مرحلے کا آغاز کل سے ہوگا۔ جس کے لئے ٹریفک کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تبلیغی اجتماع رائیونڈ فیزون کے ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ، سی ٹی او لاہور مستنصرفیروز نے بتایا کہ تبلیغی اجتماع کاپہلامرحلہ 2 نومبر سے 5 نومبر تک جاری رہے گا جبکہ دوسرا مرحلہ 09 سے 12 نومبر تک ہوگا۔
مستنصرفیروز کا کہنا تھا کہ ڈویژنل افسران کی نگرانی میں13 ڈی ایس پیز،203 ٹریفک انسپکٹرز تعینات کئے گئے ہیں جبکہ 110 پٹرولنگ افسران اور 999 وارڈنز فرائض سرانجام دیں گے اور رانگ پارکنگ کے خاتمہ کیلئے 10فوک لفٹرز اور 05 بریک ڈاؤنز بھی تعینات کئے۔
سی ٹی او لاہور نے کہا کہ رائیونڈمیں مانیٹرنگ اورسرویلنس کےلئے اسپیشل کنٹرول روم اور کیمپ آفس بھی قائم کیا گیا ہے اور شرکا اجتماع کی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے7اسٹینڈزبھی مختص کئےگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پارکنگ اسٹینڈزکےعلاوہ کہیں گاڑی پارک کرنےکی اجازت نہیں، راستہ ایف ایم اورراستہ ایپ کے ذریعے شہریوں کولمحہ بہ لمحہ آگاہی دی جائے گی جبکہ ایمبولینسز اوردیگرایمرجنسی گاڑیوں کےلئے تمام روڈزکوکلئیر رکھا جائے گا۔