دہری شہریت کیس میں فیصل واوڈا نااہل قرار

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو دہری شہریت کیس میں نااہل قرار دے دیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فیصل واوڈا کو2 ماہ میں تمام تنخواہیں اور مراعات واپس جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔ اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وہ سپریم کورٹ سے رجوع کرسکتے ہیں۔

 

الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کی بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹی فیکیشن بھی واپس لے لیا۔ ای سی پی کے مطابق جوابدہ نے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت غلط حلف نامہ جمع کرایا، انہوں نےخود کو اپنے کنڈکٹ سے مشکوک بنایا، جھوٹا بیان حلفی دینے پر وہ آرٹیکل 62 ون ایف کا شکار ہوئے۔

 

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید کا فیصل واوڈا کی نااہلی سے متعلق فیصلے کے حوالے سے کہنا ہے کہ فیصل واوڈا الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔

واضح رہے فیصل واوڈا پر الزام تھا کہ انہوں نے بطور امیدوار قومی اسمبلی ریٹرننگ افسر کو کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت اپنی امریکی شہریت چھپائی تھی۔ الیکشن کمیشن کے بار بار پوچھنے پر بھی فیصل واوڈا نے امریکی شہریت چھوڑنے کی تاریخ نہیں بتائی تھی۔

 

فیصل واوڈا نے 2018 کے عام انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت جھوٹا حلف نامہ جمع کرایا اور دہری شہریت چھپائی۔ حکومتی رہنما نے جائیدادوں کی خریداری کے ذرائع بھی چھپائے، انہوں نے نہ تو منی ٹریل دی اور نہ ہی ٹیکس ادا کیا۔

 

 

 

 

Spread the love
جواب دیں
Related Posts