برطانوی ادارے دی اکنامسٹ گروپ نے سال 2022 کے مہنگے اور سستے ترین شہروں کی فہرست جاری کی ہے۔ کراچی دنیا کے سستے ترین شہروں میں شامل ہے اور اسکا چھٹا نمبر ہے۔ امریکی شہر نیویارک دنیا کا مہنگا ترین شہر ہے۔
برطانوی ادارے دی اکنامسٹ گروپ نے رواں برس دنیا بھر کے 174 شہروں کی مہنگائی اور اس کے عوام پر اثرات کی درجہ مندی کی ہے جس کے مطابق استنبول ، بیونس آئرس اور تہران میں مہنگائی سب سے زیادہ بڑھی ہے۔
دی اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ کی رپورٹ کے مطابق زندگی گزارنے کے لیے بنیادی اخراجات کے اعتبار سے کراچی دنیا کا چھٹا سستا ترین شہر ہے۔
دنیا کا سب سے سستا شہر شام کا دارالحکومت دمشق ہے، جس کے بعد لیبیا کا شہر طرابلس، ایران کا دارالحکومت تہران دنیا کا تیسرا سستا ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔
دنیا کے مہنگے ترین شہروں میں تل ابیب ، ہانگ کانگ ، لاس اینجلس ، زیورخ، جنیوا، سان فرانسسکو، پیرس، کوپن ہیگن اور سڈنی ہیں۔
پی پی آئی کے مطابق وینزویلا کے شہر کراکس میں ایک سال کے دوران مہنگائی کی شرح 132 فیصد دیکھی گئی۔ جبکہ گزشتہ کئی برسوں کی طرح رواں برس بھی سنگا پور اب بھی دنیا کا مہنگا ترین شہر ہے لیکن اس بار اس کے ساتھ نیویارک بھی سرفہرست ہے۔
اس سروے کے مطابق رواں سال دنیا کے بڑے شہروں میں رہائش کا خرچ اوسطا 8.1 فیصد تک بڑھ گیا۔ اس مہنگائی کی وجوہات میں یوکرین اور روس کے درمیان جنگ کے ساتھ ساتھ کورونا کی وبا کے بعد سامان کی رسد کی فراہمی پر پڑنے والا دباؤ سرفہرست ہے۔
دی اکانومسٹ انٹیلیجنس یونٹ کے سالانہ سروے میں دنیا کے 172 شہروں کا موازنہ کیا گیا ہے۔ تاہم اس بار یوکرین کے شہر کیئو کو اس سروے میں شامل نہیں کیا گیا۔ 172 شہروں میں جس طرح مہنگائی بڑھی وہ 20 سال کے دوران سب سے زیادہ اوسط ہے۔