دعا منگی کیس کا مرکزی ملزم کشمور سے گرفتار

دعا منگی کیس میں پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی، پولیس حراست سے فرار ہونے والے مرکزی ملزم زوہیب قریشی کو کشمور سے گرفتار کرلیا گیا۔ زوہیب قریشی کو پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کیا گیا۔

 

جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم بلوچستان سے گاڑی چوری کرکے فرار ہوا تھا۔ پولیس ناکہ بندی کرکے مین ہائی وے پر کھڑی تھی کہ ملزم نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ کی، جوابی فائرنگ کے بعد ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔

 

گرفتار ملزم زوہیب قریشی کے خلاف گاڑی چوری کے 18 مقدمات درج ہیں، پولیس کی جانب سے ملزم کا مزید کرمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔

 

واضح رہے کہ ملزم زوہیب قریشی رواں سال جنوری میں دعا منگی کیس میں عدالت میں پیشی کے بعد جیل واپس جاتے ہوئے طارق روڈ میں شاپنگ مال سے فرار ہوا تھا۔

 

دعا منگی کو 30 نومبر 2019 کو کراچی میں ڈیفنس کے علاقے سے اغواء کرکے اس کے دوست حارث کو گولی مار کر وہیں چھوڑ دیا تھا جس کے بعد اس کی رہائی 20 سے 25 لاکھ روپے تاوان کی ادائیگی کے بعد عمل میں آئی تھی۔

 

دعا منگی اغوا کیس میں پولیس نے 4ملزمان کو گرفتار کیا  تھا۔ ملزمان کو کراچی پولیس کی خصوصی ٹیم نے 18 مارچ کو گرفتار کیا تھا۔

 

تفتیش میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ انہی ملزمان نے ڈیفنس سےتاوان کے لیے بسمہ سلیم نامی لڑکی کو بھی اغواء کیا تھا اور اسے بھی تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا کیا تھا۔ اغواء برائےتاوان کے یہ دونوں مقدمات انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں زیرِ سماعت ہیں۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts