دعا زہرہ کو لاہور سے کراچی منتقل کرنے کی اجازت، میڈیکل بورڈ عمر کا تعین کرے گا

کراچی کی مقامی عدالت کی جانب سے دعا زہرہ کے میڈیکل کے لیے بورڈ بنانے اور کیس  کی مزید تفتیش کے حکم کے بعد کیس میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔

 

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہےکہ عدالتی حکم پر عمل کرتے ہوئے سندھ پولیس دعا زہرہ کوکراچی منتقل کرنے کے لیے لاہور پہنچ گئی ہے۔  محکمہ داخلہ سندھ نے دعا زہرہ کو کراچی منتقل کرنے کی اجازت دی ہے۔

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہورکی متعلقہ پولیس اور حکام کی اجازت کے بعد دعا زہرا کو کراچی  منتقل کیا جائے گا۔  کراچی کی مقامی عدالت نے 25 جون کو جاری کیے جانے والے فیصلے میں دعا زہرہ کے میڈیکل  کے لیے بورڈ بنانے کا حکم دیا تھا۔

 

عدالت نے کہا تھا کہ کیس کی مزید تحقیقات اور میڈیکل بورڈ بنانےکا حکم دے دیتے ہیں، عمر کے تعین کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کے لیے سیکرٹری صحت کو لکھیں گے۔

 

سیکرٹری صحت میڈیکل بورڈ سے متعلق عدالت کو بھی آگاہ کریں، بچی کو یہاں لے کر آئیں یا وہاں میڈیکل کرائیں یہ پراسیکیوشن کا مسئلہ ہے۔

 

اس سے قبل سندھ ہائی کورٹ نے دعازہرہ کو والدین کے ساتھ رہنے یا شوہر ظہیراحمد کے ساتھ رہنے سے متعلق خود آزادانہ فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔ جسکے بعد دعا زہرہ کے والد نے اپیل دائر کی تھی۔

 

واضح رہے دعا زہرہ چند ماہ قبل کراچی کے علاقے الفلاح سے لاپتا ہوگئی، چند ہفتوں بعد دعا زہرہ کے ظہیراحمد نامی شخص سے پسند کی شادی کرنے کا انکشاف ہوا تھا تاہم دعا زہرہ کے والدین کا کہنا ہے کہ لڑکی کو اغواء کیا گیا ہے اور اس سے زبردستی بیان دلوائے جارہے ہیں۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts