پاکستان میں کورونا کی پانچویں لہر سے شہریوں کی بڑی تعداد متاثر ہورہی ہے۔ ملک کے سب سے بڑی شہر کراچی میں کورونا کیسز میں کمی آئی ہے لیکن اب بھی شرح 20 فیصد سے زائد ہے۔
محکمہ صحت کے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 21.67 فیصد رہی۔ شہر قائد میں ہفتہ کے روز 5901 ٹیسٹ کئے گئے جس میں 1279 افراد کورونا میں مبتلا پائے گئے۔
کراچی کو نشانہ بنانے کے بعد مہلک وائرس نے صوبہ خیبرپختونخوا میں پنجے جمانے شروع کردئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا کا شہر نوشہرہ کورونا سے سب سے زیادہ متاثر رہا ۔ جہاں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 46.77 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
مہلک وائرس سے متاثرہ شہروں میں پشاور دوسرے نمبر پر ہے۔ جہاں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 35.76 فیصد رہی۔ آزاد کشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں ہفتہ کے روز کورونا کے مثبت کیسز سامنے آنے کا تناسب 34.09 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سینٹر کے مطابق مجموعی طور پر پاکستان میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 12.46 فیصد ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7978 کورونا کے نئے کیسز سامنے آئے۔ ملک میں عالمی وبا سے متاثرہ کلُ مریضوں کی تعداد 14 لاکھ 17 ہزار 991 ہوچکی ہے۔