خواجہ سرا ایکٹوسٹ شہزادی رائے نے کراچی میونسپل کارپوریشن میں خواجہ سراؤں کی مخصوص نشستوں کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرادئے۔
شہزادی رائے نے مخصوص نشست پر پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے کاغذات جمع کروائے۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر ٹرانسجینڈر ایکٹیوسٹ شہزادی رائے کا کہنا تھا کہ میں ایوان میں جاکر سب سے پہلے شہر کی سڑکوں اور ناکارہ سیورج سسٹم کی نشاندہی کروں گی۔
شہزادی رائے کا کہنا تھا کہ ایوان میں دیگر اراکین کی طرح ہماری بھی بات سنی جائیگی۔ ایوان میں خواجہ سراؤں کو نمائندگی دینا خوش آئند ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فالوورز کو یہ اطلاع دینے والی شہزادی رائے نے لکھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی شکرگزار ہوں جس نے ایوان میں جانے کا موقع دیا، یہ مُلک کی تاریخ میں پہلی بار ہے۔
I’m excited to share that I have submitted my papers KMC for transgender/Khawajasara reserved seats. It is the first time in Pakistan’s history that such an opportunity has ben available, and I am grateful to the @PPP_Org @BBhuttoZardari @SyedNasirHShah @BakhtawarBZ @SaeedGhani1 pic.twitter.com/iOpX2IjPjG
— Shahzadi Rai (@ShahzadiRai) May 24, 2023
واضح رہے الیکشن کمیشن نے سندھ بلدیاتی حکومت میں میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین، وائس چیئرمین انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق میئر، ڈپٹی مئیر، چیئرمین اور وائس چیئرمین کیلئے کاغذات نامزدگی 9 سے 10 جون کو جمع کرائے جائیں گے، جانچ پڑتال 11 جون کو ہوگی اور اپیل 12 جون تک دائر کی جا سکے گی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ٹریبونلز اپیل پر 13 جون تک فیصلہ کریں گے جبکہ کاغذات نامزدگی 14 جون تک واپس لیے جا سکیں گے۔ اس کے علاوہ میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب 15 جون کو ہوگا۔