Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

حکومت 8 اگست کا انتظار کرنے کے بجائے اقتدار چھوڑے اور گھر جائے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پورا ملک بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے، حکومت 8 اگست کا انتظار چھوڑے اور گھر جائے۔

ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق چکدرہ میں حقوق مالاکنڈ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں خودکش دھماکے ہو رہے ہیں، مساجد، بازار، جلسے، مدارس سب غیر محفوظ ہیں۔ حکومت اب 8اگست کا انتظار کرنے کے بجائے اقتدار چھوڑے اور گھر جائے۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان ہے، بدامنی سے پوری قوم متاثر ہے۔حکمران بلٹ پروف گاڑیوں میں گھومتے ہیں اور سرکاری سکیورٹی میں محلات میں مقیم ہیں۔ 

مہنگائی کے خلاف جلسے کرنے اور جلوس نکالنے والی جماعتیں حکومت میں آ کر خاموش ہیں۔ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے غلاموں کا نظام 100 سال بھی رہے تو بھی پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ  پی ٹی آئی کے 10 سالہ دور میں خیبر پختوانخوا میں کوئی ترقی نہیں ہوئی ، اب بھی صوبے میں ریکارڈ کرپشن جاری ہے۔ ان حکمرانوں کے ہوتے ہوئے ملک کا جغرافیہ اور ثقافت محفوظ نہیں۔ یہ کرپٹ لوگ ہیں۔

انہوں نے آف شور کمپنیاں بنا کر بیرون ملک جائدادیں اور محلات خریدے، اپنے شہزادوں اور شہزادیوں کا مستقبل محفوظ اور قوم کے بچوں کا مستقبل تباہ کیا۔

سراج الحق نے باجوڑ میں جمعیت علما اسلام (ف) کے ورکرز کنونشن پر خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ خیبرپختونخوا کے گورنر اور نگران وزیراعلیٰ فوری طور پر استعفا دیں۔ انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے قائدین سے دلی ہمدردی کا بھی اظہار کیا ہے۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
جواب دیں
Related Posts