حکومت کی کارکردگی اچھی ہے توالیکشن سے کیوں بھاگ رہے ہیں؟ بلدیاتی انتخابات کراچی کی ضرورت ہیں، حافظ نعیم

امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے بلدیاتی انتخابات میں رکاوٹ بننے پر سندھ حکومت کو ایک بار پھر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ حافظ نعیم الرحمان نے بلدیاتی انتخابات کو کراچی کی ضرورت قرار دیا۔

کراچی میں ادارہ نورالحق پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کو کھلواڑ بنادیا گیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات ہمارا شوق نہیں ہے لیکن یہ انتخابات کراچی کی ضرورت ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی میں بدترین صورتحال ہے، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے کمر کی تکلیف میں اضافہ ہورہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سندھ حکومت سیلاب زدگان کا نام لے کر انتخابات سےجان چھڑاتے ہیں کیونکہ یہ شکست سے خوف زدہ ہیں جبکہ سیلاب زدگان کا مسئلہ تو اب ہوا ہے، 30  اگست 2020 سے انتخابات تاخیر کا شکار ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو گندگی کے ڈھیر پر چھوڑا ہوا ہے اور اگر حکومت کی اتنی اچھی کارکردگی ہے تو الیکشن سے کیوں بھاگ رہے ہیں؟

حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں کوئی کام نہیں کررہا سب ملکر کھارہے ہیں اور لوگ مایوس ہو کر شہر چھوڑ نے کا سوچ رہے ہیں۔

امیرجماعت اسلامی کراچی کا کہنا ہے کہ 30 اگست 2020  سے انتخابات تاحال نہیں کرائے گئے، 24 جولائی اور پھر 28 اگست کے انتخابات بارش کے باعث ملتوی کردیےگئے۔

پیپلزپارٹی نے اب ایک بار پھر واردات کرنے کی کوشش کی ہے جس کے لئے پولیس سے خط لکھوا دیا گیا ہے کہ نفری پوری نہیں ہے جبکہ الیکشن کمیشن ایف سی، رینجرز، فوج کی خدمات حاصل کرسکتا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے الیکشن کمیشن سندھ پر پیپلزپارٹی کا آلہ کار ہونے کا الزام بھی عائد کیا اور شہر میں مقررہ تاریخ پر بلدیاتی انتخابات کرانے پر زور دیا۔ واضح رہے الیکشن کمیشن نے کراچی میں 23 اکتوبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کی تاریخ دی ہوئی ہے۔

Spread the love
Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
جواب دیں
Related Posts