کراچی اور دیگر شہروں کی منڈیوں کے مویشیوں میں پھیلی لمپی اسکن بیماری سنگین صورتحال اختیار کرگئی۔ ہزاروں جانوروں کے وائرس سے متاثر ہونے کے بعد حکومت کو مویشیوں کا خیال آگیا۔ حکومت نے لمپی اسکن وائرس کی روک تھام کیلئے ویکسین درآمد کرنے کافیصلہ کرلیا۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے مویشیوں میں لمپی اسکن بیماری کی ویکسین منگوانے کی منظوری دے دی۔ ویکسین منگوانے کی منظوری ڈریپ رجسٹریشن بورڈ کے اجلاس میں دی گئی۔
ڈریپ حکام کا کہنا ہے کہ کراچی اور پنجاب کی دو کمپنیوں کو جانوروں میں لمپی اسکن بیماری سے بچاؤ کی ویکسین منگوانے کی منظوری دے دی گئی۔ پنجاب کی حذیفہ انٹرنیشنل نامی کمپنی کو ترکی سے لمپی ویک ویکسین منگوانے کی منظوری دی گئی ہے۔
ڈریپ حکام کے مطابق کراچی کی ایروس فارما اردن سے لمپی شیلڈ نامی ویکسین درآمد رے گی۔ وفاقی حکام کا کہنا ہے کہ لمپی اسکن نامی بیماری سے اس وقت پاکستان بھر میں ہزاروں گائیں متاثر ہیں جنکی کھالوں پر پھوڑے پھنسیاں اور گانٹھیں پڑ گئی ہیں۔
واضح رہے جانوروں میں پھیلی لمپی اسکن بیماری کے باعث شہری بھی خوف میں مبتلا ہیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے گوشت اور دودھ کا استعمال ترک کردیا ہے جسکے باعث ڈیری فارمرز اور گوشت فروخت کرنے والوں کا کاروبار بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔