حکومت کا 5 سال تک کے بچوں کو کورونا ویکسین لگانے کا فیصلہ، کراچی میں 19 ستمبر سے مہم شروع ہوگی

وفاقی محکمہ صحت نے ملک بھر میں 5 سال سے 11 سال تک بچوں کو بھی کورونا ویکیسن لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سندھ حکومت کے تحت کراچی اور حیدرآباد میں 19 ستمبر سے 6 روزہ مہم شروع کی جارہی ہے جس میں گھر گھر جاکر بچوں کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔ 

محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی اور حیدرآباد میں ڈو ٹو ڈو مہم کے ذریعے 5 سے 11 سال تک عمر کے 24 لاکھ بچوں کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔

کراچی میں کورونا وائرس کے نتیجے میں اب تک 5 سے 11 سال کی عمر کے 62 اور حیدرآباد میں 2 بچے انتقال کرچکے ہیں جسکے باعث سندھ حکومت نے دونوں شہروں میں خصوصی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی اور حیدرآباد میں 19 ستمبر سے شروع ہونے والی 6 روزہ مہم 24 ستمبر تک جاری رہے گی۔ رپورٹ کے مطابق مہم کے دوران 3 افراد پر مشتمل 4 ہزار 554 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ جن میں سے 3 ہزار 987 آؤٹ ریچ ٹیمیں، 536 فکسڈ سینٹر اور 3 موبائل ٹیمیں شامل ہوں گی۔

مہم کے دوران 5 سے 11 سال عمر کے 34 لاکھ 13 ہزار 884 بچوں کی ویکسینیشن کا ہدف رکھا گیا ہے، جنہیں فائزر کی کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی پہلی ڈوز لگائی جائے گی تاہم 70 فیصد ہدف کیلئے 24 لاکھ بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنایا جائے گا۔

سماء نیوز کی رپورٹ کے مطابق محکمہ تعلیم کے 58 ای ڈی اوز بھی مہم کا حصہ ہوں گے اور ضلعی سطح پر 40 مانیٹرز مہم کی نگرانی کریں گے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts