وزیرتعلیم سندھ کے احکامات پر سیکریٹری کالج خالد حیدر شاہ نے محکمہ کالج کراچی ریجن کو ون ونڈو سہولت سینٹر کے قیام کی ہدایت دی تھیں جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے ون ونڈو سہولت کا آغاز کردیا گیا ہے اس ضمن میں حکومت کی جانب سے نوٹیفیکشن بھی جاری کیا جاچکا ہے۔ ڈائریکٹر کالجز کراچی حافظ عبدالباری کا کہنا ہے کہ ون ونڈو سہولت سینٹر عوام ، اسٹاف اور محکمہ ملازمین کے لئے فائدہ مند ہوگا۔ ون ونڈو سہولت سینٹر میں پاس پورٹ ، این او سی ، ایمرجنسی چھٹی ، ایکس پاکستان لیو ، وریفیکیشن ،پینشن ، ڈیزیز کوٹا ، جیسے مسائل کو ایک ہی دن میں حل کیا جاسکے گا۔ سہولت سینٹر میں محکمہ کے ملازمین اور اسٹاف اپنے کاغذات جمع کروائیں گے اور اسی دن ان کے مسئلہ کو حل کرکے ریلیف دیا جائےگا۔ ڈائریکٹر کالجز کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرہاد کو ون ونڈو سہولت سینٹر کا انچارج تعینات کیا گیا ہے۔ سیکریٹری کالج کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلہ میں کراچی میں ون ونڈو سہولت سینٹر کا قیام کیا گیا ہے جسکے نتائج دیکھنے کے بعد ہر ریجن میں ونڈو سہولت سینٹر قائم کئے جائیں گے۔