حکومت نے صنعتی شعبے کے لیے خام مال، انٹرمیڈیٹ گڈز (دیگر اشیا کی تیاری میں استعمال ہونے والی تیار مصنوعات) اور مشینری کی درآمد پر پابندی ختم کر دی ہے۔
وزارت تجارت نے درآمدی چھوٹ دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق صنعتی شعبے کیلئے درآمد کردہ خام مال پر پابندی عائد نہیں ہوگی اور انٹرمیڈیٹ گڈز کی درآمد پر بھی پابندی عائد نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صنعتی آلات، مشینری اور فارن گرانٹ کے تحت چلنے والے منصوبوں کے مٹیریل کی درآمد پر پابندی عائد نہیں ہوگی۔ وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ 19مئی کو درآمدی اشیاء پر عائد پابندی کی لسٹ میں خام مال، مشینری اور آلات بھی شامل تھے۔
درآمدی پابندیاں ختم کرنے کے حوالے سے یہ حکومت کا دوسرا فیصلہ ہے، اس سے قبل 25 مئی کو پہلی وضاحت جاری کی گئی تھی جس میں حکومت نے جانوروں کی خوراک اور انرجی سیورز پر عائد پابندی ہٹا دی تھی۔
واضح رہے حکومت نے ملک کے کم ہوتے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کو کم کرنے کے لیے 19 مئی کو 33 کیٹگریوں میں تقریباً 800 اشیاء کی درآمد پر پابندی لگا دی تھی، جس میں کھانے کی مصنوعات بھی شامل ہیں تاکہ بڑھتے ہوئے درآمدی بل کو روکا جا سکے۔