وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے عوام کو مفت بجلی فراہم کرنے سے متعلق جلد بڑا اعلان کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ وزیراعلی سندھ کا کہنا ہے کہ اب وزیراعلی نہیں بلکہ ایک کارکن حکومت کرے گا اور کارکنوں سے تجاویز لینے کیلئے ہی وہ دورے کررہے ہیں۔
حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے سے متعلق اقدامات کر رہے ہیں، وزیرِ تعلیم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اب سندھ میں ٹیچر نہ ہونے سے کوئی اسکول بند نہیں ہو گا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ چیئرمین بلاول نے لوگوں کو 300 یونٹ تک بجلی فری دینے کا کہا تھا، اس پر حکومتِ سندھ کام کر رہی ہے اور اس حوالے سے جلد بڑا اعلان ہوگا۔ وزیراعلی نے کہا کہ تھر سے ریلوے لائن کا منصوبہ تو بہت پرانا ہے، ہم تو اس کوئلے کو ایکسپورٹ کرنا چاہتے ہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم 2022 کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ سندھ حکومت نے 21 لاکھ مکانات کی تعمیر کا مںصوبہ تیار کیا تھا۔ ان مکانات کی تعمیر کے لیے مکمل فنڈنگ کا انتظام ہوچکا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ اہلِ سندھ کو سیلاب سے محفوظ رکھنے کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں۔ کراچی میں صحتِ عامہ سے متعلق سہولتوں کی فراہمی میں بہتری آئی ہے
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ انسدادِ منشیات کے لیے سخت مہم چلائی جارہی ہے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سمیت ہر سیاسی جماعت سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ گورنر وفاق کا نمائندہ ہوتا ہے۔ گورنر کے تقرر کا اختیار وزیر اعظم کو حاصل ہے۔