حمزہ شہباز کا وزیراعلی پنجاب انتخاب، عمران خان نے آج رات ہی احتجاج کی کال دے دی

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز کے وزیراعلی منتخب ہونے اور ق لیگ کے ووٹ مسترد ہونے پر عوام سے سڑکوں پر آنے کی اپیل کردی۔

عمران خان نے کارکنوں اور پاکستان تحریک انصاف کے چاہنے والوں کو آج رات ہی احتجاج کی کال دے دی ہے۔ عمران خان نے براہ راست خطاب میں کہا کہ عوام پنجاب اسمبلی میں ہونے والی قانون شکنی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرائیں

عمران خان نے عوام سے احتجاج کے دوران پرامن رہنے اور قانون کو ہاتھ میں نہ لینے کی بھی اپیل کی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام بڑی تعداد میں نکلیں تاکہ انہیں علم ہوکہ عوام بھیڑبکریاں نہیں ہیں۔

عمران خان نے سابق صدر آصف علی زرداری کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری30سال سے ملک کو لوٹ رہا ہے۔ ہمیں معلوم تھا آصف زرداری نے کوئی گیم کرنی ہے۔ آصف زرداری چوری کے پیسوں سے جمہوریت خریدتےہیں۔

اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ آرٹیکل 63 اے میں لکھا ہے کہ پارٹی کا پارلیمانی سربراہ فیصلہ کرتا ہے کدھر ووٹ کرنا ہے، میں نے جو خط لکھا وہ رد ہوگیا تھا، پھر پارلیمانی لیڈر نے خط لکھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت کے خط کی کوئی قانون حیثیت نہیں ہے، ساری نظریں سپریم کورٹ کی طرف ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ سپریم کورٹ سے انصاف ملے گا۔

عمران خان نے کہا کہ آج پنجاب اسمبلی میں جو کچھ ہوا اس پر حیران ہوں، جمہوریت کی ایک بنیاد اخلاقیات ہوتی ہے، پارلیمنٹ کے پاس فوج نہیں اخلاقی طاقت ہوتی ہے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts