نگراں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج بہت یادگار لمحہ ہے۔ حج قرعہ اندازی آج اسلام آباد میں ہو رہی ہے لیکن وہ مصروفیات کے باعث کراچی میں ہی ہیں۔
انیق احمد نے کہا کہ حکومت آسانیاں بانٹنے کی کوشش کررہی ہے۔ حج امور میں مذید آسانیاں مہیا کررہے ہیں، حج پیکج میں 1 لاکھ روپے تک کمی لائی گئی ہے۔ فضائی کرائے کو بھی کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور کے مطابق اس سال پاکستان کو حج کیلئے 1 لاکھ اناسی ہزار 10 حجاج کا کوٹہ تھا جس میں سے نصف کوٹہ سرکار اور نصف نجی شعبہ کو ملا۔ اس سال کی حج پالیسی میں 65 ہزار حجاج کے لیے سعادت کی خدمت ہمیں ملی۔
انیق احمد نے بتایا کہ 25 ہزار اوورسیز پاکستانی ڈالرز میں ادائیگیاں کرکے حج کا کوٹہ رکھا گیا، 25 ہزار میں سے صرف 3500 اوورسیز پاکستانیوں نے دلچسپی لی، 56033 درخواستیں کوٹہ سے زیادہ موصول ہوئیں اضافی درخواستوں کی منظوری کی بھی کوشش ہے جسکی منظوری وزیراعظم سے لی جائے گی۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ حجاج کرام میدان عرفات میں پاکستان کو ضرور یاد رکھیں اور پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے دعائیں کریں۔