معروف سماجی کارکن بلقیس ایدھی تو اس دنیا سے چلی گئیں لیکن انسانیت کیلئے انکی لازوال خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ بلقیس بانو ایدھی 1947 میں کراچی میں پیدا ہوئیں۔ بلقیس ایدھی پاکستان میں سب سے زیادہ فعال مخیر حضرات میں سے ایک تھیں، ان کی عرفیت مادر پاکستان تھی۔
بلقیس ایدھی نے سولہ برس کی عمر میں نرسنگ کی تربیت حاصل کی۔ بلقیس بانو کی عبدالستار ایدھی سے شادی 1966 میں ہوئی۔ جس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔۔۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے ساتھ ساتھ خواتین اور بچوں سے متعلق فلاحی کاموں کے لیے بلقیس ایدھی نے بلقیس ایدھی فاؤنڈیشن کی بھی بنیاد رکھی۔
یہ فاؤنڈیشن لاوارث بچوں کی دیکھ بھال سے لے کر لاوارث اور بے گھر لڑکیوں کی شادیاں کروانے کی ذمہ داری انجام دیتی ہے۔ اس فاؤنڈیشن کا کام بلقیس ایدھی اپنی دو بیٹیوں اور الگ عملے کے ساتھ دیکھتی ہیں۔ ناجائز بچوں کو قتل سے بچانے کے لیے جھولا پراجیکٹ بلقیس ایدھی کے نمایاں ترین فلاحی کاموں میں سے ایک ہے۔
پاکستان بھر میں قائم ایدھی فاؤنڈیشن کے ہر مرکز کے باہر ایک جھولا رکھا ہے جس پر لکھا ہے بچوں کو قتل نہ کریں، جھولے میں ڈال دیں۔ ان جھولوں میں لوگ ایسے بچوں کو خاموشی سے ڈال جاتے ہیں جو کسی بھی وجہ سے خاندان کے لیے قابل قبول نہیں ہوتے۔
ان بچوں کو ایدھی سینٹر میں پالا پوسا جاتا ہے۔ پھر ایسے بچوں کو بے اولاد والدین کو دینے کے کام کی نگرانی بھی بلقیس ایدھی کی ذمہ داری ہے۔ اب تک تقریبا 16000 لاوارث بچوں کو بے اولاد والدین کے حوالے کیا جا چکا ہے۔
کئی ہزار خواتین کو پناہ دینے، انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور کسی وجہ سے اپنے گھر سے ناراض ہو کر آنے والی خواتین کی ان کے خاندان کے ساتھ صلح کرا کے انہیں ان کے گھروں تک پہنچانے جیسے کام بھی بلقیس ایدھی انجام دیتی ہیں۔
مدر ٹریسا ایوارڈ 2015ء بلقیس ایدھی نے پڑوسی ملک بھارت سے تعلق رکھنے والی سننے اور بولنے کی صلاحیت سے محروم لڑکی گیتا کی 15 برس تک دیکھ بھال کی۔ گیتا 10برس کی عمر میں غلطی سے پاکستان پہنچ گئی تھی، جسے ایدھی سینٹر کے حوالے کر دیا گیا تھا۔
بلقیس ایدھی کی طرف سے گیتا کا مذہبی تشخص برقرار رکھنے اور اسے اُس کے ملک واپس بھیجنے کے لیے انتھک کوششوں کا اعتراف بھارت کی طرف سے بھی کیا گیا ہے۔
بلقیس ایدھی کو خدمات عامہ کے لیے 1986ء رومن میگسیسی اعزاز سے نوازا گیا حکومت پاکستان نے بلقیس ایدھی کو ہلال امتياز سے بھی نوازا۔ بھارتی لڑکی گیتا کی 15 برس دیکھ بھال کرنے پر بھارت نے بلقیس ایدھی کو مدر ٹریسا ایوارڈ 2015ء سے نوازا ۔