جڑانوالہ واقعہ شرمناک ہے، گرجا گھروں کو جلانا یا پرامن عیسائی شہریوں کو نقصان پہنچانا قابل مذمت ہے، مفتی تقی عثمانی

وفاق المدارس کے صدر اور پاکستان کے سینیئر اسلامی اسکالر مفتی تقی عثمانی نے فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں پیش آنے والے واقعہ کو پوری قوم کیلئے شرمناک قرار دیتے ہوئے واقعہ کی بھرپور مذمت کی ہے۔

مفتی تقی عثمانی نے ایکس (ٹوئیٹر) پر اپنے پیغام میں لکھا کہ جڑانوالہ کا واقعہ پوری قوم کے لئے شرمناک ہے اگر کسی نے کوئی گستاخی کی ہے تواسکاقانونی راستہ موجود ہے۔

اسکے ردعمل میں گرجاؤں کو جلانے یا پرامن عیسائی شہریوں کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچانا انتہائی قابل مذمت ہے۔ اسلام میں ایسی حرکتوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

چند روز قبل  فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے الزامات کے پھیلنے کے بعد سیکڑوں افراد نے صنعتی شہر کے مضافات میں عیسائیوں کی اکثریت والے علاقے پر حملہ کیا۔ ہجوم نے کم از کم پانچ گرجا گھروں کو نذر آتش کیا اور ان گھروں سے قیمتی سامان لوٹ لیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جڑانوالہ واقعہ میں 37 ملزمان کو نامزد کیا گیا جب کہ 600 سے زائد نامعلوم افراد کو تفتیش میں شامل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ہجوم نے توڑ پھوڑ کی اور گھروں اور گرجا گھروں کو آگ لگا دی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی اور توہین مذہب سمیت 13 دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ پولیس نے کہا کہ اس نے جمعرات کو تشدد بھڑکانے کے الزام میں دو ملزمین کو حراست میں لے لیا ہے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts