جماعت اسلامی کے تحت بجلی و پیٹرولیم مصنوعات کی ظالمانہ قیمتوں، بجلی کے بھاری بلوں و ٹیکسوں میں کمی نہ کرنے، جاگیرداروں پر ٹیکس لگانے کے بجائے سارا بوجھ عوام پر ڈالنے اور حکمرانوں، وزیروں، اعلیٰ افسران اور طبقہ اشرافیہ کو دی جانے والی مراعات اور مفت بجلی و پیٹرول ختم نہ کرنے،آئی پی پیز سے کیے گئے عوام دشمن معاہدوں کے خلاف اور کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز و قانونی حقوق اور سنگین مسائل کے حل کے لیے اتوار8اکتوبر کو گورنر ہاؤس سندھ پر دیے جانے والے احتجاجی دھرنا دیا گیا۔
دھرنے میں اہل فسلطین اور حماس کے مجاہدین سے بھی بھرپور اظہار یکجہتی کیا گیا اور یا اللہ بسم اللہ اللہ اکبر کے پرجوش نعرے لگاکر خراج تحسین پیش کیاگیا۔
سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی کے پیٹرول، بجلی کی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف تحریک جاری رہے گی، فسلطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ”ہفتہ یکجہتی فلسطین“ منایاجائے گا، اتوار کو ملین مارچ کیے جائیں گے جس کے بعد دوبارہ مہنگائی کے خلاف تحریک کے سلسلے میں لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ وزیر اعظم، آرمی چیف اور عالم اسلام کے حکمرانوں سے کہناچاہتا ہوں کہ فلسطینی مسلمانوں کو تنہا نہ چھوڑیں ایسا کرنا فلسطینیوں سے غداری ہوگی۔ایمان اور وقت کا تقاضہ ہے کہ فلسطینی مسلمانوں کا ساتھ دیا جائے۔ہم25کروڑ پاکستان کی ترجمانی کرتے ہوئے فسلطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، نگراں وزیر اعظم نے فلسطین میں دوریاست کی لڑائی کہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ انوارالحق کاکٹر جان لیں کہ یہ دو ریاست کی لڑائی نہیں ظالم اور مظلوم کی لڑائی ہے۔فلسطین میں حق اور باطل کے درمیان لڑائی ہے۔قائد اعظم نے کہا تھا کہ اسرائیل ایک ناپاک ریاست ہے، پاکستان کبھی بھی ناپاک ریاست کو قبول نہیں کرے گا۔انہوں نے کہاکہافغانستان میں مجاہدین نے سرخ فوج کو شکست سے دوچار کیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ آج حماس کے مجاہدین نے گریٹر اسرائیل کا خواب چکنا چور کیا، حماس کے مجاہدین کی کاروائی سے اسرائیل اور ان کی سرپرستی کرنے والوں کے خواب چکنا چور ہوگئے۔گزشتہ صدی میں یہودیوں کو کبھی اتنا بڑا نقصان نہیں پہنچا جتنا کل فجر کے بعد حماس کے مجاہدین نے 7ہزار راکٹ برسا کر اسرائیل کو فلسطین سے بھگایا۔
انہوں نے مزید کہاکہ آج فلسطین میں جشن کا سماں ہے،400سے زائد فلسطینی بھائی شہید ہوگئے ہیں لیکن اسرائیل کی کمر توڑدی ہے۔اسرائیل کا موساد کہا گیا ان کے انٹیلی جنس ادارے کہاں گئے ہیں۔حماس کے مجاہدین نے ثابت کردیا کہ اللہ کا دین غالب ہے۔عالم اسلام 58ممالک پر مشتمل ہے جس کے پاس 74لاکھ سے زائد افواج ہیں۔عالم اسلام کی 9 سمندر پر حکمرانی ہے۔دنیا کی 75فیصد ٹینک کا ذخیرہ موجود ہے۔